مینگلور 6؍اگست (ایس او نیوز) یہاں اُلال سمندرمیں مچھلیوں کا شکار کرکے واپس لوٹنے کے دوران مچھلیوں سے بھری کشتی اُلٹ جانے کے نتیجے میں کشتی پر سوار تین لوگ سمندر میں زندگی اور موت سے جوجنے لگے، اس دوران ان کو بچانے کی کوشش کرنے والا ایک نوجوان فیاض خود اپنی ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ واردات سنیچرصبح پیش آئی ہے۔
اطلاع کے مطابق تمل ناڈو کی ایک کشتی جس پر تین ماہی گیر میھنس (46)، کمار (30) اور ڈیلی چندن (40) سوار تھے مچھلیوں کا شکار کرکے واپس لوٹ رہے تھے کہ طوفانی ہوائوں کے نتیجے میں کشتی اُلٹ گئی اور تینوں سمندر میں ڈوبنے لگے۔ اس دوران قریب میں موجود ماہر تیراک فیاض اور رمیض ان تینوں کو بچانے کے لئے سمندر میں کود گئے، ایک ماہی گیر میھنس کو ان دونوں نے بچالیا، جبکہ ڈیلی چندن اور کمار کو بچانے کی کوشش میں فیاض کا سرسمندر کے بیچوں بیچ واقع ایک چٹان سے ٹکرا گیا، جس سے اسے فوری قریبی اسپتال لے جایا گیا، مگر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر وہ چل بسا۔ اُدھر سمندر میں ڈوبنے والے کمار کو انڈین کوسٹ گارڈس نے ہیلی کاپـٹر کی مدد سے بچالیا، مگر چندن سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔ چندن کی تلاش ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاری ہے۔
واقعے کےتعلق سے اُلال پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔